مستونگ: سی ٹی ڈی کی مبینہ کارروائی، داعش کا اہم کمانڈر ہلاک

522

سی ٹی ڈی نے مستونگ میں ایک کارروائی میں داعش کے کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سی ٹی ڈی کے ایک آپریشن کے دوران داعش کا اہم کمانڈر غلام دین شاہوانی ہلاک ہوگیا۔

ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جہاں اس نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیم کا کمانڈر مستونگ میں حملوں کی پلاننگ کرہا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق غلام دین شاہوانی عرف شعیب داعش بلوچستان کے اہم کمانڈروں میں سے ایک تھا جس نے 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی جبکہ اس نے تحریک طالبان پاکستان سے وزیرستان میں تربیت لی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مذکورہ شخص مستونگ میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے، 2016 میں کوئٹہ میں وکلاء پر حملے، مولانا سراج الحق پر حملے، مچھ میں ہزارہ کانکنوں کو قتل کرنے، سبی میں فورسز پر حملے اور کوئٹہ، مستونگ، ڈھاڈر میں پولیس اور لیویز پر حملوں میں ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی کے کارروائی کی دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ خیال رہے بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں مشکوک ہوتی ہے جبکہ ان کی کئی کارروائیاں ماضی میں جعلی قرار پائی ہے جہاں پہلے سے جبری لاپتہ بلوچوں سمیت مذہبی تنظیموں کے زیر حراست ارکان کو قتل کیا گیا۔