تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف بی ڈی اے ملازمین کا احتجاج

94

محکمہ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بی ڈی اے کے نیولی ریگولر ملازمین اور درجہ چہارم مزدور تما م احکامات اور سابق حکومت کی جانب سے واضح پالیسی اور منظوری کے باوجود مسائل حل نہ ہونے پر سراپا احتجاج، بی ڈی اے کمپلیکس زرغون روڈ پر احتجاجی کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہروں اور جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں غلام مصطفی کرد، حمید خان رند، شہزاد رئیسانی اور دیگر رہنماؤں کی احتجاجی کیمپ آمد یکجہتی کا اظہار کیاگیا اور حکومت بلوچستان سے بی ڈی اے ملازمین کے مطالبات فوری حل کرنے اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے بی ڈی اے انتظامیہ کے ملازم و مزدور دشمن رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا بلوچستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر حاجی خان زمان نے بی ڈی اے ملازمین کو انصاف نہ ملنے پر موجودہ چیف سیکرٹری بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بی ڈی اے کی انتظامیہ اور افسران کی جانب سے بی ڈی اے ملازمین کے معاشی قتل پرمبنی اقدامات کا فوری نوٹس لیں محکمہ بی ڈی اے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جارہی ہے غریب ملازمین اپنے جائز مطالبات اور تنخواہوں کے فنڈز ہونے کے باوجود ادائیگی نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے کہا کہ فوری طور پر بی ڈی اے ملازمین کے استحصال پر مبنی پالیسیوں کو ختم نہ کیا گیا تو بلوچستان لیبر فیڈریشن اجلاس طلب کرکے محکمہ بی ڈی اے ملازمین کے جائز مطالبے پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاج کی کال دے گی جس کی تمام تر ذمہ داری بی ڈی اے انتظامیہ پر عائد ہوگی۔