چین: ریستوراں میں دھماکہ، 30 سے زائد افراد ہلاک

248

چین کی سرکاری میڈیا نے 22 جون جمعرات کے روز اطلاع دی کہ ملک کے شمال مغربی شہر این چوان کے ایک ریستوران میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

چینی خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق اس واقعے میں مزید سات افراد کو شیشوں کے ٹوٹنے سے، جلنے اور کٹنے جیسے زخم آئے ہیں، جن کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ بدھ کے روز رات میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً آٹھ بج کر 40 منٹ پر پیش آیا۔ مسلم اکثریتی ننگ شیا ہوئی صوبہ روایتی طور پر خود مختار علاقہ ہے اور اس کا دارالحکومت این چوان ہے، جس کی ایک مصروف گلی میں واقع ایک بار بی کیو ریستوران میں یہ واقعہ ہوا۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے علاقائی کمیونسٹ پارٹی کی کمیٹی کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ ایسا ”لیکویفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے اخراج کی وجہ سے ہوا ہے۔”

تین روزہ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی چھٹی کے آغاز کے موقع پر شام کے وقت لوگ وہاں پر جمع ہو رہے تھے۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے دھماکے کے مقام پر ایک درجن سے زائد آگ بجھانے والی گاڑیوں کو مصروف عمل دکھایا، جب کہ اسی دوران ریستوراں کے اگلے حصے میں ایک بڑے سوراخ سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے۔

اس کے فوٹیج میں گلیوں میں پڑے شیشے کے ٹکڑے اور دیگر ملبہ بھی دکھایا گیا۔