نائجیریا: امریکی قافلے پر حملہ، چار امریکی عہدیدار ہلاک

164

نائجیریا کے جنوب مشرقی علاقے میں مسلح افراد نے ایک امریکی قافلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق منگل کے روز ریاست انمبرا میں ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں دو امریکی قونصل خانے کے ملازمین تھے جبکہ دیگر دو پولیس اہلکار تھے۔

حملہ آوروں نے تین دیگر افراد کو اغواء کیا اور ان کی گاڑی کو آگ لگا دی۔

واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس قافلے میں کوئی امریکی شہری شامل نہیں تھا، جو تشدد اور علیحدگی پسند شورش سے متاثرہ ریاست میں سفر کر رہا تھا۔

نائجیریا کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اوگبارو کے علاقے میں اتانی اسامہلے روڈ پر ہوا۔ پولیس کے ترجمان ڈی ایس پی آئکنگا توچکوو کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اس وقت ریسکیو اور ریکوری آپریشن کر رہے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک بیان میں امریکہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’16 مئی کو ریاست انمبرا میں ایک واقعہ پیش آیا تھا’ اور مزید کہا کہ واشنگٹن حملے کی تحقیقات کے لیے نائجیریا کی سیکیورٹی سروسز کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ‘ہمارے اہلکاروں کی حفاظت ہمیشہ سب سے اہم ہوتی ہے اور ہم میدان میں سفر کرتے وقت وسیع پیمانے پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں۔’

نائجیریا کی حکام اکثر پرتشدد حملوں کا الزام علیحدگی پسند آئی پی او بی پر عائد کرتے ہیں۔ تاہم اس حملے کے حوالے سے ان کا موقف تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔