مردم شماری میں بدنظمی کیخلاف بلوچستان بھر میں احتجاج کرینگے۔ بی این پی

305

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانزیب بلوچ و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری میں بدنظمی کیخلاف 6 مارچ کو بلوچستان بھر میں احتجاج کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کی مد میں کسی ضلعی انتظامیہ کو ایک پیسہ بھی نہیں دیا گیا، حکومت مردم شماری کے نام پر مذاق کررہی ہے۔

بی این پی رہنماؤں نے کہا کہ ضلع گوادر میں 24 سپروائزر اور 120 سے زائد اینومنیٹرز نے کام کرنا ہے، 150 لوگوں نے 700 کلو میٹر فاصلے پر کام کرنا ہے جو کہ ناممکن ہے۔ سیکورٹی کے بغیر عملے نے کام سے انکار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری میں بے ترتیبی نظر آرہی ہے، کام کے دوران اکثر عملہ غیر حاضر ہے، ان بے ترتیبی میں کون مردم شماری کےنتائج تسلیم کریگا۔

انکا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس دو راستے ہیں، خانہ شماری کیلئے کم سےکم دس دن کا وقت بڑھایا جائے، ہمارے پاس احتجاج کا راستہ بھی موجود ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ مقامی آبادی پہلے سے ہی بہت کم دکھائی گئی ہے، بلوچستان کے رقبے کو مدنظر رکھا جائے۔