گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ جاری ہے۔ حسین واڈیلہ

145

حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوادر کے ساحل کے قریب بڑی تعداد میں ٹرالرز کی موجودگی انتظامیہ اور اداروں کی اہلیت اور بیانیے پر سوالیہ نشان ہے، سمندر کی نسل کشی کے علاوہ ماہیگیروں کے جالوں کو نقصان پہنچانے والے ٹرالرز مافیا کی دیدہ دلیری اداروں کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتی ہے۔

انہوں نے گوادر کے ساحل کے بالکل قریب بڑی تعداد میں ٹرالرز کی موجودگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی تعداد میں ٹرالرز کی موجودگی متعلقہ اداروں کی اہلیت اور بیانیے پر سوالیہ نشان ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یہ ٹرالرز نہ صرف سمندری حیات کی نسل کشی کررہے ہیں بلکہ غریب ماہیگیروں کے جالوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

واڈیلہ نے مزید کہا کہ ٹرالرز مافیا کی دیدہ دلیری اور بدمعاشی سے واضح ہے کہ انتظامیہ اور ادارے خود ان کی سرپرستی کررہے ہیں ورنہ اتنی سیکیورٹی میں ان کا ساحل پر آنا ممکن نہ ہوتا۔

چئیرمین حق دو تحریک نے متعلقہ اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان ٹرالرز کو روکنے کے لئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں تو ماہیگیروں کے ساتھ مل کر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور ان کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے