پاکستان روسی جارحیت کی کھل کر مذمت کرے۔ یوکرینی سفیر کا مطالبہ

169

پاکستان میں یوکرین کے سفیر نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے اسلام آباد عالمی کوششوں میں شامل ہو اور کھل کر روسی جارحیت کی مذمت کرے۔

سفیر نے یوکرین سے متعلق رواں ہفتے اقوامِ متحدہ میں پیش ہونے والی قرارداد کی بھی حمایت پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی نشریاتی ادارہ وائس آف امریکہ کو دیے گئے انٹرویو میں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کے ایک قابلِ احترام اور ذمے دار رُکن کے طور پر پاکستان بھی یوکرین تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔

یوکرینی سفیر کا کہنا تھا کہ  پاکستان یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ لیکن یوکرین تنازع پر اسلام آباد کا  موقف قدرے مبہم ہے۔

مارکیان چوچک نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مذمت کرے کیوں کہ یہ خطے کے بھی مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مذمت کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مغرب کی کٹھ پتلی بن جائے گا بلکہ یہ ایک خودمختار ریاست کی پوزیشن ہو سکتی ہے۔