نوشکی: تھریٹ الرٹ کے بعد شہر میں سخت ناکہ بندی

548

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فورسز نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردیا ہے جبکہ شہریوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے-

اطلاعات کے مطابق فورسز کی بڑی تعداد نے آج شہر میں مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے چیکنگ شروع کردی ہے جبکہ فورسز کی گاڑیاں شہر کے مختلف شاہراؤں پر گشت کررہے ہیں- شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آنے اور جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے-

گذشتہ دنوں سیکورٹی حکام نے شہر میں بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے حملوں کا تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا جس کے بعد فورسز کی بڑی تعداد شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کردی گئی ہے-

سیکورٹی حکام نے بلوچ لبریشن آرمی کی جانب سے ممکنہ حملوں کے پیش نظر تھریٹ الرٹ میں حکام کو خبردار کیا تھا کہ “بی ایل اے” بلوچستان کے علاقے خاران اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز وخفیہ اداروں کے دفاتر کو نشانہ بناسکتی ہے–

تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ بلوچ لبریشن آرمی مجید برگیڈ کے گذشتہ سال فروری میں ہونے والے حملے کا سیکوئل ہوسکتا ہے، گذشتہ سال 2 فروری کو بلوچ لبریشن آرمی مجید بریگیڈ کے 16 فدائی حملہ آورں نے نوشکی اور پنجگور ایف سی کے دو ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا تھا–

بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے پیش نظر بلوچستان میں سیکورٹی حکام کو الرٹ رہنے اور ایف سی کیمپوں کے مرکزی گذر گاہوں اور دروازوں پر سیکورٹی سخت کرنے اور شہری چیکنگ کو مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارواں کو بھی الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے–

دوسری جانب بلوچستان پولیس نے گذشتہ روز پشاورپولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی ہے کوئٹہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آنے اورجانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے جبکہ اہم سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے-