بلوچستان فورسز کا بم کو ناکام بنانے اور اسلحہ برآمدی کا دعویٰ

359

بلوچستان کے افغانستان سے متصل ضلع چمن میں ریلوے اسٹیشن کے قریب لیویز رسالدارمیجر کے کوارٹر کے گیٹ کے کے قریب موجود بم کو ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق چمن ریلوے اسٹیشن کے ساتھ گورنمنٹ گرلز کالج کے قریب لیویز رسالدار میجر عزیز احمد خان کے کوارٹر کے گیٹ کے ساتھ نامعلوم افراد نے بم نصب کیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ لیویز رسالدار میجر نے پولیس کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی، جس پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو کوارٹر سے باہر نکالا اور دھماکے سے اڑا دیا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم ریموٹ کنٹرول تھا اور اس میں موجود بارودی مواد کا وزن ایک کلو تھا، جب کہ بم کو جوس کے ڈبے میں بنایا گیا تھا۔

دریں اثنا لیوز فورس نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایک کاروائی میں ضلع چاغی میں ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا۔

لیویز کے مطابق ذخیرے میں ایک لائٹ مشین گن، 2 ہیوی مشین گن، ایک آر پی جی لانچر، 2 عدد 9 ایم ایم پستول، 3 کلو گرام دھماکہ خیز مواد، 51 گرینیڈ، 1700 گولہ بارود اور 14 گولہ بارود کے میگزین شامل ہیں۔