لسبیلہ: سلنڈر دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی

278

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمیہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لسبیلہ کی مرکزی بیلا بازار میں دکان کے اندر سلنڈر کی ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ کے شعلوں نے دیگر دکانوں اور سلنڈر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی درجنوں موٹرسائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔

لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر مراد کاسی کا کہنا ہے کہ سلنڈر پھٹنے سے دکان کے مالک سمیت 20 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، پولیس اورلیویز حکام فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت حاجی عمر، برکت رونجھا، محمد حیات، محمد اقبال، ظہور رونجھا، ہدایت اللہ، محمد یاقوب اورمحمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔

سول ہسپتال کراچی کی ڈاکٹر روبینہ بشیر نے بتایا کہہسپتال کے برن سینٹر میں 20 زخمی افراد لائے گئے۔

ڈاکٹر روبینہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمی افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا جسم 70 سے 90 فیصدجھلس چکا ہے۔

لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سلنڈر کی دکان میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی تھی، آگ پر قابو پانے کے لیے فائرٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔