حب چوکی میں فورسز کی گھروں پر چھاپے

1106
File Photo

بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی جارہی ہے، اس دوران دو افراد کے حراست بعد گمشدگی کی اطلاعات ہیں۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حب چوکی شہر میں گذشتہ رات زہری کالونی میں فورسز کیجانب سے گھر گھر تلاشی کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی موجود تھے جبکہ گھروں پر چھاپوں کے دوران مذکورہ افراد ڈیوائسز کے ذریعے شناختی کارڈ چیک کررہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات فورسز اہلکاروں نے دو افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے معلومات نہیں مل سکی ہے جبکہ مذکورہ افراد کی شناخت بھی تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں اور گذشتہ دنوں حب شہر میں بی ایل اے کیجانب سے حملے میں حکومتی حمایت یافتہ شخص کو ہلاک کرنے کے بعد چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چار روز قبل حب شہر میں بی ایل اے کے فدائی انیل بلوچ کے گھر پر فورسز اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔

اطلاعات کے مطابق فورسز اہلکاروں نے گھر میں موجود خواتین و دیگر افراد کو زدوکوب کیا جبکہ مذکورہ افراد کے موبائل اپنے ہمراہ لے گئے۔

ضلعی حکام کی جانب سے تاحال ان چھاپوں کے حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا گیا ہے۔