کوئٹہ: سی ٹی ڈی کا مقابلے میں ایک شخص کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

344

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے ایک اور شخص کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے گوہر آباد میں سی ٹی ڈی کے آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دستی بم حملے سے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد کے کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا ہے، دہشت گرد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

مقابلے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت فضل الرحمان عرف شان کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق مبینہ طور پر مذہبی دہشت گرد تنظیم داعش سے بتایا جارہا ہے۔ تاہم سی ٹی ڈی نے اپنے زخمی اہلکاروں کے نام ظاہر کئے ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اکثر سی ٹی ڈی اس طرح کے واقعات میں پہلے سے قید لوگوں کو جعلی مقابلے میں قتل کرتا رہا ہے جن کے شواہد بعد ازاں سامنے آچکے ہیں۔ تاہم آج ہونے والے مقابلے کے بارے میں تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ پہلے سے قید شخص تھا یا حقیقتاً مقابلے میں مارا گیا ہے۔