تربت: امتحانی مرکز میں استاد سے بدتمیزی پر طالب علم گرفتار

394

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں امتحانی مرکز میں بداخلاقی اور عملے کے ساتھ ہتک آمیز رویہ رکھنے والا طالب علم ڈپٹی کمشنر کے حکم پر گرفتار کرلیا گیا، دیگر طلباء کی تلاش جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان کی ہدایت پر اسسٹنٹ تربت عقیل کریم اور ایس ایچ او تربت روشن بلوچ نے آپسر سینٹر میں میٹرک کے امتحانات میں بدنظمی اور امتحانی عملے کے ساتھ ہتک آمیز رویہ رکھنے والے طالب علم کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے امتحانی مرکز میں ہونے والی بد انتظامی میں شامل دیگر طلباء کے خلاف بھی فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثناء امتحانی مراکز میں بد انتظامی، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی اور امتحانی عملے کے رویے پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی افسران، بورڈ کے عملے اور آپسر سینٹر میں تعینات اسٹاف کو طلب کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ امتحانات کے دوران طلباء کو کنٹرول کرنے کی ذمہ داری امتحانی عملہ اور بورڈ کی مشترکہ ذمہ داری کے علاوہ کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد بھی ان کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس ہے کہ امتحانی مراکز میں ایسا کچھ بھی نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے گذشتہ روز آپسر سینٹر میں دوران امتحان ایک وائرل ویڈیو کے حوالے سے متعلقہ عملے کی سرزنش کی اور کہا کہ اس میں ملوث تمام طلباء کو قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسی بد انتظامی پیش نہ آئے۔

اس دوران مذکورہ طالب علم کے والد بھی موجود تھے جنہوں نے بتایا کہ ان کا لڑکا دماغی طور پر صحیح نہیں ہے اس لیے ان سے یہ حرکت سرزد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لڑکے کی دماغی صحت کے حوالے سے میڈیکل ٹیم تشکیل دی جائے گی اور ان کے رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا۔