قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور سمیت دیگر کالجز میں نشستوں میں کمی تشویشناک ہے – بلوچ ایجوکیشنل کونسل

169

بلوچ ایجوکیشنل کونسل بہاولپور نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف میڈیکل جامعات میں بلوچستان اور فاٹا کے مختص نشستوں میں کمی باعث تشویش ہے۔

بلوچ ایجوکیشنل کونسل بہاولپور کے ترجمان کے جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے محرومیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بلوچستان کے طلباء کےلئے قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر مختلف میڈیکل جامعات اور کالجوں میں چند نشستیں مختص کئے تھے لیکن اب پاکستان میڈیکل کمیشن کے نئے پالیسی کے تحت بلوچستان کی نشستیں کم کرکے جبکہ ٹاپ میرٹ والے جامعات سے ختم کرکے کم میرٹ والے جامعات میں منتقل کئے ہیں جو بلوچستان اور فاٹا جیسے پسماندہ علاقوں کے طلباء کو معیاری تعلیم سے دور رکھنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل جامعات میں مختص نشستوں کا خاتمہ اور کم میرٹ والے کالجوں میں منتقلی نہایت ہی تشویشناک ہے اور یہ بلوچستان کے طلباء کے ساتھ ناانصافی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مذکورہ پالیسی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے اِس طرح کے ہتھکنڈے تعلیم دشمن پالیسیوں کے ضمرے میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اعلیٰ حکام اور پاکستان میڈیکل کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ مذکورہ پالیسی کو منسوخ کرکے گذشتہ پالیسی کو جلدازجلد بحال کریں تاکہ طلباء کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔