بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں نے سماج دشمن عناصر کو کھلی چھوٹ دی ہے- نیشنل پارٹی

132

 نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی غیر سنجیدگی کے سبب بلوچستان کے حالات روز بہ روز خراب تر ہوتے جارہے ہیں سماج دشمن عناصر کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے،  امن و امان کی بڑھتی ہوئی صورتحال نے عوام کا جینا محال  کردیا ہے ، سماج دشمن عناصر منشیات اور دیگر برائیوں کے علاوہ عام لوگوں کے اراضیات پر زبردستی قبضہ کرکے انھیں زدوکوب بھی کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ دنوں ضلع کیچ کے تحصیل ہوشاپ میں سعید لاٹو نامی شخص نے اپنے مسلح گروہ کے ساتھ ندیم چارشمبے کی جگہ پر زبردستی قبضہ کیا جب ندیم وہاں پہنچا تو اس نے ساتھیوں کے ساتھ ان پر حملہ کیا اور کلاشنکوف کے بٹوں سے اس کو شدید زخمی کردیا جس پر علاقائی عمائدین نے ڈی سی تربت کے پاس جاکر اس منشیات فروش، بدمعاش اور سماج دشمن عناصر کی شکایت درج کرائی اور ملزم کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرایا لیکن تاحال اس کو گرفتار کیا گیا اور نہ اس کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی گئی ۔

بیان کہا گیا کہ اگر اسی طرح انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی کے اداروں نے چور و بدمعاش اور منشیات فروشوں کی پشت پناہی کی تو اس سے علاقے کے لیے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔

نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سماج دشمن عناصر اور اس کے مسلح گروہ کو گرفتار کیا جائے اور غیر قانونی اسلحہ اس سے بازیاب کرا کے عدالت کے سامنے لایا جائے۔

بیان میں کہاگیا کہ سعید لاٹو پر ایف آئی آر کو ایک ہفتہ گزر گیا ہے اور مجرم مسلح افراد کے ساتھ دندناتے پھر رہا ہے۔