ایرانی تیل کاروبار کی بندش عوام کا معاشی قتل ہے – نیشنل پارٹی/ آل پارٹیز کیچ

261

نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے  بیان میں حکومت بلوچستان کی جانب سے ایرانی پٹرول وڈیزل کے کاروبار کی بندش کے نوٹیفکیشن کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلوں سے مزید محرومیوں میں اضافہ ہوگا اور معاشرتی مسائل جنم لیں گے. ایک طرف موجودہ سلیکٹڈ حکومت روزگار فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے تو دوسری طرف لوگوں کی روٹی روزی چھیننے پہ کمر بستہ ہے، دنیا بھر کی حکومتیں اپنے عوام کی خوشحالی کیلئے پالیسی بناتے ہیں اور فیصلے کرتے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کی پالیسیاں عوام دشمنی پر مبنی ہیں اور کسی بھی باشعور انسان کے سمجھ سے بالا تر ہیں. حکومت کی تمام تر توجہ اپنے سلیکٹرز کو خوش کرنے پہ مبذول ہیں، گوادر کو باڑ لگا کر جیل بنایا جانے کے خلاف عوامی ردعمل احتجاج کی ہر شکل میں ابھی جاری ہے تو دوسری طرف ایسے فیصلوں سے مزید عوام میں مایوسی پھیلائی جا رہی ہے. نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت اپنے ظالمانہ اور غیر مقبول پالیسیوں سے دستبردار ہو ورنہ نیشنل پارٹی عوام کے ساتھ مل وسیع پیمانے پر احتجاج کرے گی۔

 دریں اثناء  آل پارٹیز کیچ نے اپنے جاری کردہ اعلامیے میں گذشتہ روز چیف سیکریٹری بلوچستان کی جانب ایف سی کو ایرانی تیل و ڈیزل کیخلاف کاروائی کرنے کے مکمل اختیارات دینے پر ردعمل جاری کرتےہوئے کہاکہ مکران سمیت بلوچستان کی اکثریتی آبادی کا معاشی انحصار ایرانی تیل وڈیزل کے کاروبار پر منسلک ہے حکومت کی جانب اس پر پابندی اور گاڈیوں کی پکڑ دھکڑ عوام کا معاشی قتل ہے آل پارٹیز کیچ اپنے عوام کے معاشی قتل پر خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرےگا.

اعلامیے میں کہا گیاکہ تیل وڈیزل بردار گاڈیوں کے کاروبار کرنے والے چھوٹی گاڈیوں کیساتھ ایک طویل عرصہ سے غیر انسانی رویہ اپنایا جارہاہے باڈروں پر انہیں دو دو ہفتے تک روکے جاتاہے جبکہ حالیہ پابندی اسی سلسلے کی کڑی ہے،حکومتیں اور ریاست روزگار کے زرائع کھولتے ہیں مگر ہمارے ساتھ جو رویہ رکھا جارہاہے حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ جالگی زامران،عبدوئی، اور دشت ودیگر باڈروں کو کھولتے اور روزگار کے مزید زرائع فراہم کرتے مگر بندش لگاکر وہ ہماری عوام کو بھوک وفلاس سے مارنے کی کوششوں میں کگے ہیں جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر تیل کی بندش کیخلاف جاری نوٹس کو واپس نہیں لیاگیا تو آل پارٹیز کیچ سمیت مکران بھر میں آل پارٹیز کے ساتھ ملکر شدید احتجاج کریں گے۔