پاکستان: تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں منسوخ

207

اسلام آباد میں ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیمی کے اجلاس میں پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹياں نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکا کا کہنا تھا کہ صرف احتیاط کے ساتھ ہی کرونا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ تمام شرکا نے حتمی فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بند نہ کيے جائیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹياں نہيں ہونگی، تاہم چند شہروں ميں صورت حال ديکھ کر فيصلہ کیا جائے گا۔ برف باری والے علاقوں ميں چھٹياں دی جاسکتی ہيں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سميت بڑے شہروں ميں چھٹياں نہيں ہونگی۔

قبل ازیں پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ صوبے میں اسکولوں کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسکولز کی بندش کی خبروں میں صداقت نہیں۔ اسکولز اپنے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ پنجاب میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرونا کی صورت حال کنٹرول میں ہے۔ ایس او پیز پر عمل درآمد کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور دیگر اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس 5 نومبر بروز جمعرات اسلام آباد میں ہوا۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ،  بلوچستان، پاکستان زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں بڑھتے کرونا کیسز کا جائزہ لیا گیا، جب کہ تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلے پر بھی غور ہوا۔ اجلاس میں اپریل سے اگست تک کے تعلیمی سال پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے 8 ویں کلاس کے بورڈ امتحانات سے متعلق بھی مشاورت کی۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی چھٹیوں کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔