ملتان: فیسوں میں کمی اور کوٹے تخصیص کے لیے بلوچ طلباء کا احتجاج

388

بلوچ سٹوڈنٹس کونسل ملتان کے زیراہتمام بلوچستان کی مخصوص نشستوں پر فیس وصولی اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے قبائلی علاقے کے کوٹے پر فیس معافی و ہر ڈیپارٹمنٹ میں کوٹے کی تخصیص کے لیے احتجاجی کیمپ گیارہویں دن جاری رہا۔

آج طلباء کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو گیارہ دن ہوئے ہم یہاں احتجاجی کیمپ میں بیٹھے ہوئے ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی میڈیا اور انتظامیہ ہماری بات سن رہا ہے۔

انہوں نے حکومت اور یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مختص نشستوں پر فیس معاف کیا جائے اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے قبائلی علاقوں کے کوٹے پر فیس معاف کیا جائے اور ان کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے اور ہر شعبے میں کوٹہ مختص کیا جائے۔

واضح رہے نیشنل پارٹی کے جنوبی پنجاب کے کوارڈینیٹر لیاقت چوہان، مہر سجاد سپرا ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری عوامی ورکر پارٹی کے کامریڈ صوفی یامین، کیمونسٹ پارٹی آف پاکستان کے کامریڈ سلیم اختر نے بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل ملتان کی جانب سے زکریا یونیورسٹی ملتان کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کی اور طلباء کے مطالبات کو ماننے کی مانگ کی۔

دریں اثناء انسانی حقوق کمیشن کے اراکین نے طلباء کے لگائے ہوئے کیمپ میں شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان طلبا کے مطالبات کو تسلیم کرے اور تعلیم کے لیے پرانی پالیسی برقرار رکھی جائے۔