افغان امن عمل : پاکستانی وزیراعظم کا اشرف غنی سے رابطہ

112

 پاکستان کے وزیر اعظم نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے رابطہ کرکے افغان امن عمل کے لیے ایک بار پھر پاکستان کی  حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق  عمران خان نے افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور افغان امن عمل و دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

عمران خان نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی  حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ان کوششوں سے امریکا ۔ طالبان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی صورت میں مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے دوحہ میں بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے متعلقہ فریقین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور افغانستان میں فائر بندی کے سلسلے میں تشدد میں کمی کے لیے کام کرنے والے تمام افغان فریقین کی اہمیت پر زور دیا۔

عمران خان نے کہا کہ تمام افغان شراکت داروں کو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغان حکومت اور افغان عوام کی قیادت میں اجتماعی جامع سیاسی معاہدے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغان عوام کی جانب سے اپنے مستقبل کے لیے کیے جانے والے فیصلوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان، افغانستان کے ساتھ تعمیری تعلقات اور افغان عوام کے لیے امن، استحکام و خوشحالی کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ افغان قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداﷲ عبداﷲ آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے افغانستان کے دورہ کی دعوت دینے پر صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا اور جلد دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔