دوحہ: امریکہ اور افغان طالبان نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے

236

دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے زلمے خلیل زاد جبکہ طالبان کی طرف سے ملا عبدالغنی برادر نے دستخط کیے۔

امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب دوحہ کے شیریٹن ہوٹل میں ہوئی جہاں 30 ممالک کے وزرا، نمائندے اور یورپی یونین کے ارکان موجود تھے۔

ان کے علاوہ دوحہ میں افغانستان میں قیام امن کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط کے موقعے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی موجود تھے۔

مائیک پومپیو نے معاہدے پر دستخط سے قبل خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان سے کہا کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تشدد میں کمی کے معاہدے پر قائم رہیں گے تو کامیابی ہوگی اگر نہیں کریں تو یہ ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سات دنوں کے دوران افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے۔