امارات کے بعد بحرین نے بھی مودی کو بڑا اعزاز دے دیا

324
متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا ہے۔

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے تھے، یہ کسی بھی بھارتی وزیراعظم کا اس خلیجی ریاست کا پہلا دورہ تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نے امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بحرینی ہم منصب شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

نریندر مودی کو امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ’کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس‘ کا اعزاز دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا گیا تھا۔

دوسری جانب بحرین میں بھارتی وزیراعظم نے بھارتی کمیونٹی سے خطاب بھی کیا اور ساتھ ہی 200 سالہ قدیم ’شری ناتھ‘ مندر میں پوجا پاٹ کی اور پرساد بھی تقسیم کیا۔

 بھارتی وزیراعظم نے مندر کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جس پر 42 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔