اجتماعی جدوجہد سے ہم اپنے سماج کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں – لشکری رئیسانی

114

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزاہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کا احتساب عوام کو کرنے دیا جائے ڈیل کرکے وزارتیں اور مراعات حاصل کرنے والوں نے سیاست کو پراگندہ کیا، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے علمدار روڈ کے مختصر دورے کے موقع پر اہل علاقے اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ سیاست دان ایجاد کرنے کی بجائے ملک میں سیاسی عمل کو پنپنے دیا جاتاتو آج عوام پسماندگی، غربت، پریشانی کا شکار اور دہشت گردی کے خوف میں مبتلا نہ ہوتی، ملک کو درپیش سیاسی سماجی اوراخلاقی بحرانوں کے ذمہ دار عوامی نمائندوں کو پارلیمنٹ سے دور رکھنے کیلئے عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی اہمیت کو تسلیم کرکے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور یہ تب ممکن ہے کہ جب ہر پانچ سال بعد حقیقی جمہوری عمل اور شفاف انتخابات کے ذریعے لوگ اپنے ووٹ کی طاقت سے سابقہ نمائندوں کا احتساب اور آنے والوں کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنہیں جعلی طریقہ سے انتخابات جتواء کر اقتدار سپرد کردیا گیاہے ان کا نکتہ نظر غیر سیاسی اور پالیسیاں ان کے اختیار میں نہیں ہیں، انتخابات میں جعل سازی، جعلی نعروں اور دعوؤں کے سہارے ملکی نظام کو مزید مصنوعی طریقے سے نہیں چلایا جاسکتا، 70 سالوں سے جو کچھ ہوا اس کو دہرانے کی بجائے ملکی استحکام اور سلامتی کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قطع نظراس کے کہ ہمارا تعلق کسی بھی قوم یا مذہب سے ہے ہمیں انفرادی جدوجہد کی بجائے اپنا حصہ اس اجتماعی جدوجہد میں ڈالنا چا ہیے جس سے ہم اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کرترقی اور خوشحال کی جانب گامزن کرسکیں۔