کیچ: گذشتہ دنوں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

163

گذشتہ روز لاپتہ ہونے والے 3 نوجوانوں میں ایک کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں گذشتہ روز پکنک پر جانے کے بعد لاپتہ ہونے والے تین نوجوانوں میں سے ایک کی گولیوں سے چھلنی برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقےبلیدہ کوشک کے رہائشی اورنگزیب ولد گلاب جو گذشتہ روز عصر کے وقت اپنے دیگر تین دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے گئے تھے، آج ان کی گولیوں سے چھلنی لاش پاکستانی فورسز نے لاکر لوگوں کے حوالے کردیا جبکہ اورنگزیب کے ہمراہ غائب ہونے والے اس کے دیگر تین دوست تا حال لاپتہ ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق اورنگزیب ولد گلاب اپنے تین دیگر دوستوں کے ہمراہ قریبی علاقے میں پکنک منانے گئے تھے اور بعد میں پاکستانی فوج کو بھی اسی علاقے کی جانب جاتے دیکھا گیا. جبکہ آج صبح جب فورسز کے اہلکاروں نے اورنگزیب کی لاش اور موٹرسائیکل مقامی لوگوں کے حوالے کی تو یہ موقف اپنایا کہ اس نے ہم پر حملے کی کوشش کی تھی اور جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔

علاقائی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ چاروں نوجوان غیر مسلح تھے اور اورنگزیب کی لاش پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ علاقائی ذرائع کے مطابق نوجوان کو مبینہ طور پر اغواء کرکے اس پر تشدد کیا گیا ہے اور اس کے بعد اسے گولیوں سے چھلنی کرنے کے بعد ورثا کےحوالے کرکے یہ من گھڑت الزام لگایا جارہا ہے۔