موجودہ صوبائی حکومت عوام اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے – بی این پی

110

محمد نواز مینگل کا اغواء اور اس کے بعد قتل کا دلخراش واقعہ حکمرانوں کی ناکامی کی واضح ثبوت ہے – بلوچستان نیشنل پارٹی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ دنوں ڈیرہ مراد جمالی کے ممتاز تاجر حاجی محمد نواز مینگل کی اغواء اور اس کے بعد بے رحمانہ قتل کا دلخراش واقعہ حکمرانوں کی ناکامی کی واضح ثبوت ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امن وامان کی نام پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود آج بھی یہاں کے غریب شہری تاجر برادری سمیت تمام افراد خوف و ہراس عدم تحفظ کا شکار ہیں،اُن عناصر کی رحم کرم پر ہے جو شہریوں کو اٹھا کر اغواء کر کے لاشیں پھنکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہا بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں غلام نبی مری، حاجی عبدالغفور مینگل، میر نذیر احمد کھوسہ اور دیگر نے گزشتہ روز ڈیرہ مراد جمالی میں شہید ہونیوالے ممتاز تاجر حاجی محمد نواز مینگل کے گھر جا کر ان کے فرزند رحمت اللہ مینگل، بھائی ڈاکٹر شاہنواز مینگل اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کرنے کے موقعے پر گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ کئی دن گزرنے کے باوجود ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومت اور پولیس ممتاز تاجر حاجی محمد نواز مینگل کی اغواء کاری اور اس کے بعد بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، علاقے کے عوام بی این پی سمیت تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، تاجر برادری سراپا احتجاج ہیں اور ملزمان کی گرفتاری اور تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مطالبہ کرتے چلے آرہے ہیں جو اس واقعے کے بعد وہ عدم تحفظ خوف وہراس کے شکار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی بھی صورت میں ناقابل برداشت ہے کہ ایک بزرگ بے زرر شریف تاجر کو اغواء کیا گیا اور اس کی لاش مستونگ میں پھینکا گیا جو حکمرانوں کی امن وامان برقرار رکھنے کی بلند و بانگ دعوے کی نفی کرتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت وقت تاجروں کے کاروبار، جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنا تے ہوئے ان جرائم عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے ورنہ یہاں کے سیاسی پارٹیاں، تاجر برادری، سول سوسائٹی یہ سمجھنے میں حق بجانب ہونگے کہ اغواء کاروں، چوری ڈکیتی اور سنگین جرائم میں ملوث سماج کے اس دشمن عناصر کو ضلعی انتظامیہ، حکومت وقت اور پولیس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے کیونکہ ہر قدم پر ہر علاقے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی چیک پوسٹیں موجود ہے اور وہاں نہتے غریب شہریوں کو روک کر طرح طرح کی اذیتیں دی جاتی ہے جبکہ انہی کے چیک پوسٹوں سے جرائم پیشہ عناصر تاجر برادری، سیاسی کارکنوں اور غریب شہریوں کو اپنے کاروبار کے لئے اٹھا کر اغواء کر تے ہیں یا قتل وغارت کا نشانہ بناتے ہیں تو اس وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ضلعی انتظامیہ، حکومت وقت کیجانب سے مکمل طور پر آنکھیں بند کر مجرمانہ خاموشی اختیار کیا جاتا ہے۔