امریکہ نے غزہ کی امداد معطل کردی

248

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی معاشی امداد کہیں اور منتقل کر دی جائے۔

وزارتِ خارجہ کے ایک عہدے دار کہا کہ یہ فیصلہ یہ یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ یہ رقم امریکی مفادات کے مطابق استعمال کی جائے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے پہلے ہی فلسطین سے متعلق اقوامِ متحدہ کی ساڑھے چھ کروڑ ڈالر کی امداد روک چکا ہے۔

صدر ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے امریکہ کے فلسطینوں سے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان دراڑ اس وقت وسیع ہو گئی جب امریکہ نے دسمبر سنہ 2017 میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لیا تھا۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے امریکہ دونوں فریقین میں ثالثی کروانے کا اہل نہیں رہا۔

امریکہ انتظامیہ نے حالیہ امداد جون میں منظور ہونے والے ٹیلر فورس ایکٹ نامی قانون کی رو سے معطل کی ہے۔

یہ قانون فلسطینی حکام کو پابند کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سزایافتہ دہشت گردوں کے خاندانوں کو وظیفہ دینا بند کرے۔

 امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ رقم دوسرے ترجیحی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، تاہم انھوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

اس سے قبل فلسطینی اور اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی دونوں خبردار کر چکے ہیں کہ امداد روک دینے سے عام شہریوں کی زندگی دوبھر ہو جائے گی۔

تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ کو امداد فراہم کرنے میں چیلنجوں کا سامنا ہے جہاں حماس کا غلبہ غزہ کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور پہلے ہی سے خراب انسانی اور معاشی صورتِ حال کو بدتر بنا رہا ہے۔’