سرفراز بگٹی نے سیاسی انتقام میں گھر اور دکانیں بلڈوز کردیئے۔ عطاء اللہ کلپر

265

پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما میر عطاءاللہ کلپر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے سوئی کے عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سوئی اور ایس ایچ او پولیس نے لیویز اور پولیس کے بھاری نفری کے ہمراہ مختلف کاروباری مراکز اور دکانوں سمیت کئی گھروں کو بلڈوز کرکے سرفراز بگٹی کے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوئی میں زمینیں قبائل کی ملکیت ہیں، مگر سرفراز بگٹی پر تو جیسے سیاسی انتقام کا بھوت سوار ہوگیا ہے۔ ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے عوام نے ان کو اور ان کی سیاسی پارٹی (باپ)کو چونکہ پوری طرح مسترد کیا ہے، اس پر وزیر داخلہ کو بھرے محفل میں انکار کردیا گیا تھا۔ اس پر وزیر داخلہ چراغ پا ہوگئے ہیں اور سوئی کے کئی علاقوں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء اور میونسپل کمیٹی سوئی کے وائس چئیرمین میر موسم بگٹی کو بھی سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی رہائش گاہ کو مسمار کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سرفراز بگٹی کو چیلینج کرتے ہیں کہ ان میں اگر ذرا بھی جرات ہے تو وہ سیاسی میدان میں آکر ہمارامقابلہ کریں۔اس طرح ناجائز تجاوزات کے آڑ میں بزدلوں کی طرح چھپ کر وار مت کریں اور ہم انتظامیہ اور پولیس سے بھی کہتے ہیں کہ لوگ پولیس اور انتظامیہ کی قدر کرتے ہیں اور وہ سرفراز بگٹی کے سپاست کے ڈوبتے سورج کے ساتھ اپنے ساکھ کو متاثر نہ کریں۔کیونکہ آئیندہ آنے والا دور انشاءاللہ ہمارا ہوگا کیونکہ سرفراز جیسے سیاسی لاوارث کو اب ڈیرہ بگٹی کے عوام مزید برداشت کرنے کے لئے ہرگز تیار نہیں ہہیں۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور غریب عوام کے نقصانات کا فوری طور پرمعاوضہ ادا کیا جائے تاکہ وہ ماہ مقدس میں اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔۔