کوئٹہ ہزارگنجی دھماکہ: خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی

348

حملہ آور کا تعلق نوشکی سے تھا، مزید گرفتاریاں متوقع

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں رواں سال رمضان المبارک میں ہونے والے خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی، حملہ آور کا تعلق ضلع نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہزارگنجی خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، خودکش حملے میں خود کو دھماکے سے اُڑانے والے نوشکی کے نوجوان کی شناخت اسامہ ولد بشیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے عمل میں آئی ہے۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تھا۔

یاد رہے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں رواں سال رمضان المبارک میں 13 اپریل کو خودکش حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں سمیت 20 افراد مارے گئے جبکہ 32 زخمی ہوئے تھے، دھماکے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 12 افراد جانبحق ہوئے تھے۔

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث مزید افراد کی گرفتاریاں متوقع ہے، ملزم کے قریبی عزیز اور داعش کا کمانڈر جمیل احمد مینگل عرف سیف اللہ سریاب روڈ پر پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔