کوئٹہ: نامعلوم افراد نے بجلی ٹاور گرادیئے

271
File Photo
نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس میں 2 ٹاوروں کو نقصان پہنچایا – ترجمان کیسکو
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے بجلی کے دو ٹاوروں کو گرادیئے۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس کے علاقہ کرخسہ کے قریب کیسکوکے نئے تعمیر شدہ 132 کے وی کے 2 ٹاوروں کونقصان پہنچایا۔ نامعلوم افراد نے آری کے ذریعے نئی تعمیر شدہ کوئٹہ تا پشین 132 کے والی ٹرانسمیشن لائن کی فاونڈیشن کو کاٹ کر اُنہیں نقصان پہنچایا تھا جس کے باعث دونوں ٹاور گرگئے۔ تاہم اس سے کوئی علاقہ متاثر نہیں ہوا ہے کیونکہ یہ نئی ٹرانسمیشن لائن ہے جو کہ کوئٹہ اور پشین کے درمیان بچھائی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اس دوران مذکورہ گرے ہوئے ٹاوروں کے قیمتی کنڈکٹرز بھی کاٹنے کے بعد چوری کر کے لیجائے گئے۔

کیسکو نے نامعلوم افراد کے نام ایف آئی آر کے اندراج کیلئے تحریری طور پر درخواست مذکورہ پولیس اسٹیشن کو دے دی ہے جبکہ چوری شدہ کنڈکٹروں کی ایف آئی آر متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کی جاچکی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے متعلقہ ٹرانسمیشن لائن سے منسلک جگہ کو کلیئر کردیا ہے جس کے بعد کیسکو نے مذکورہ گرے ہوئے ٹاوروں پر کام شروع کردیا ہے۔