پاکستان کی غیر مستحکم اقتصادی صورتحال چینی قرضے کی وجہ سے نہیں، چین

116

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ نے پیر کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ چین آئی ایم ایف کے رکن کی حیثیت سے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتا ہے لیکن اس پروگرام کو پاکستان اور چین کے درمیان معمول کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔

چینی ترجمان نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ سی پیک کے تحت قرضے پاکستان کی موجودہ اقتصادی صورتحال کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین متعدد بار یہ واضح کر چکا ہے کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان مشاورت اور مشترکہ مفادات کے اصول کے تحت شروع کیا گیا ہے، تمام منصوبے اور مالیاتی انتظامات دونوں ممالک کی حکومتوں کی مساوی مشاورت سے کئے گئے ہیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سی پیک کے حوالہ سے پاکستان کے قرضوں کا تناسب بہت کم ہے اس لئے یہ پاکستان کی مالیاتی مشکلات کا باعث نہیں۔ چین سی پییک منصوبوں کی توسیع اور پاکستان کی اپنے وسائل کی بنیاد پر ترقی کا خواہاں ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ آئی ایم ایف پاکستان کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے سے قبل پاکستان کے لئے چینی قرضوں کا جائزہ لے گا، چینی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے اپنے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی قرضوں میں سی پیک کے تحت چینی قرضوں کا تناسب بہت کم ہے اور متعلقہ حکام حال ہی میں یہ بات واضح کر چکے ہیں۔