کوئٹہ: وکلاء کا گرفتاریوں و تشدد کیخلاف عدالتوں کا بائیکاٹ

138

کوئٹہ میں پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف وکلاء کا احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں وکلاء کی جانب سے گرفتاریوں اور تشدد کیخلاف احتجاجاً عدالتی کاروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔ جس کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ وکلاء اور نیوز چینل کے صحافی کے درمیان بھی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ شپ گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلے پر وکلاء اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ جس کے خلاف وکلاء نے احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے عدالتی کاروائیوں میں حصہ نہیں لیا۔

بعد ازاں وکلاء کی جانب اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی کے سنیعہ صافی اور دیگر کیخلاف سٹی تھانے میں سینئر وکیل بدرمنیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں وکلاء نے موقف اپنایا کہ اے سی سٹی کے حکم پر ان کے ہمراہ اہلکاروں نے وکلاء سے بدتمیزی کی اور تشدد کیا اور وکلاء کو جانی و مالی نقصان بھی پہنچایا گیا۔

دریں اثنا آج وکلاء کے عدالتوں کے بائیکاٹ کے موقعے پر وکلاء اور نجی ٹی وی کے صحافی کے درمیان جھگڑے کا واقعہ بھی پیش آیا۔

صحافی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب انہوں نے عدالتی بائیکاٹ کے باعث سائلین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے انٹرویو کیا تو وکلاء نے انہیں زدکوب کرنے کی کوشش کی ۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مشتعل وکیل نے کیمرہ مین سے کیمرہ چھیننے کی کوشش کی اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ۔

واضح رہے وکلاء کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر بار کونسل کی اپیل پر پشاور میں بھی وکلاء کی جانب سے عدالتی کاروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا ۔