بولی وڈ اسٹار عرفان خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ نیورواینڈوکرائن ٹیومر کا شکار ہیں

253

بولی وڈ اسٹار عرفان خان نے آخرکار اعلان کیا ہے کہ ان میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک ٹوئیٹ پیغام میں اپنی صحت کے حوالے سے اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لکھا ‘ مجھے معلوم ہوا کہ ڈاکٹر نے نیورو اینڈوکرائن ٹیومر کی تشخیص کی ہے جو کہ یقیناً مشکل مرحلہ ہے مگر اپنے ارگرد موجود افراد کی محبت اور مضبوطی نے میرے اندر امید پیدا کی ہے’۔

ان کا اس پیغام میں مزید کہنا تھا کہ وہ علاج کے لیے بھارت سے باہر جائیں گے ‘اس کے باعث مجھے ملک سے باہر جانا ہوگا اور میں ہر ایک سے دعاﺅں کی درخواست کرتا ہوں۔

نیورو اینڈوکرائن ٹیومر ایسی رسولی ہے جو کہ ہارمونل اور اعصابی نظام کے خلیات میں نمایاں ہوتی ہے۔

عام طور پر اس مرض میں ہارمون پیدا کرنے والے اعصابی خلیات میں ٹشوز کی نشوونما غیرمعمولی ہوجاتی ہے،عموماً آنتوں میں یہ مرض سامنے آتا ہے، مگر یہ مرض لبلبے، پھیپھڑوں اور جسم کے کسی بھی حصے میں بھی نمودار ہوسکتا ہے۔

 

اکثر یہ سنگین نہیں ہوتی مگر کچھ خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں،

 

بولی وڈ اسٹار نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ جسم کے کس حصے میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہے۔

 

رواں ماہ کے شروع میں عرفان خان نے ایک ٹوئیٹ پیغام میں بتایا تھا کہ وہ کسی خطرناک مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔