کوئٹہ میں سیکورٹی صورتحال ابتر، ایک دن میں پولیو کارکنان سمیت چار ہلاک

212

2 واقعات میں 4 افراد قتل

کوئٹہ پر پھر سے بدامنی کے سائے منڈلانے لگے چند گھنٹوں میں فائرنگ کے دو واقعات میں انسداد پولیو مہم میں شریک دوخواتین ورکرز اور بلوچستان کانسٹبلری کے دو اہلکار قتل کردیے گئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائیندے کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں نامعلوم افراد نے انسدادپولیومہم کی ٹیم پرفائرنگ کی جس کے نتیجےمیں انسدادپولیو ٹیم کی 2 خواتین اہلکارجاں بحق ہوگئیں۔

اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ فلائی اوور پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور بلوچستان کانسٹبلری کے اہلکار یونیفارم تبدیل کر رہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ز خمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ز خمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی اہلکارسول اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق اہلکار رپیڈ ریسپانس گروپ کے تھے جو معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کوئٹہ میں مذہبی انتہا پسندوں کی جانب سے پولیو ٹیم کے کارکنان کو تواتر سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ مقامی زرائع اس بابت حکومتی حکام کیجانب سے کوئی خاطر خواہ حل نہ لانے کی وجہ سے کافی نالاں ہیں۔