فیفا ویمنز ورلڈکپ سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا، سپین، انگلینڈ اور سوئیڈن سیمی فائنل میں پہنچ گئے

54

فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنلز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا، سپین، انگلینڈ اور سوئیڈن کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے ویلنگٹن ریجنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں اسپین نے نیدرلینڈز کو 2-1 سے شکست دی۔

سپین کی جانب سے ماریونا کالڈینٹی نے میچ کے 81 ویں منٹ میں پینلٹی کک پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں نیدرلینڈزکی اسٹیفنی نے گول کرکے میچ 1-1سے برابر کردیا۔

بعد ازاں میچ کے 111 ویں منٹ میں اسپین کی سلمی سیلسٹی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-2 سے فتح دلوا دی۔

نیوزی لینڈ کے ہی ایڈن پارک آکلینڈ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں سوئیڈن کی ٹیم نے راؤنڈ میچز اور ٹاپ 16 میں مخالف ٹیموں کو پچھاڑنے والی سابق عالمی چیمپئن جاپانی ٹیم کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کر دیا۔

کھیل کے آغاز سے ہی سوئیڈن کی کھلاڑیوں نے جاپانی کھلاڑیوں پر دباؤ قائم کر لیا اور گول پر پے در پے حملے کئے،میچ کے 32 ویں منٹ میں سوئیڈن کی کھلاڑی امانڈا نے پہلا گول کیا، بعد ازاں پینلٹی ملنے پر سوئیڈن کی ہی فلیپا نے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی۔

جاپانی کھلاڑی ہنوکا نے میچ کے اختتام سے کچھ لمحے قبل اپنی ٹیم کیلئے واحد گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔

ٹورنامنٹ کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر فائنلز کیلئے ہفتے کے روز میزبان آسٹریلیا کا مقابلہ فرانس جبکہ انگلینڈ کا مقابلہ کولمبیا کے درمیان کھیلا گیا۔

فیفا ویمن ورلڈ کپ میں شاندار مقابلوں کا سلسلے میں آسٹریلیا اور فرانس کے درمیان کوارٹر فائنل میں فل ٹائم میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا لیکن اس دوران بھی کوئی ٹیم گول سکور نہ کر سکی جس کے باعث میچ کا مقابلہ پنالٹی شوٹس پر ہوا۔

آسٹریلیا نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ سڈن ڈیتھ پر شکست دی، آسٹریلیا نے پنالٹی شوٹس پر 7 گول سکور کیے جبکہ فرانس نے 6 گول سکور کیے اور گول کرنے کے 3 مواقع ضائع بھی کیے ۔

جبکہ کوارٹر فائنل ایک اور میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو کولمبیا کو 2/1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالیا۔