ضلع پنجگور کے تحصیل گوارگو کے علاقے فتح علی بازار میں گزشتہ دنوں بچے کھیل رہے تھے کہ اس دوران انہیں ایک درخت پر لٹکی ہوئی مشتبہ چیز ملی۔ بچوں کی جانب سے اسے چھیڑنے کے دوران اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں 9 سالہ ارمان ولد انور اور 10 سالہ عمل ولد سالم شامل ہیں۔
دھماکے کے نتیجے میں 9 سالہ شاہد، 7 سالہ زاہد ولد شاہد اور 12 سالہ نوراللہ ولد رفیق زخمی ہوئے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بچوں کو ملنے والا مواد کس نوعیت کا تھا۔ واقعے کے حوالے سے مقامی پولیس نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
تاہم، ایک مصدقہ ذریعے کے مطابق، واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے مقامی صحافیوں کو واقعے کو دستی بم یا بارودی مواد کا دھماکا ظاہر کرکے خبر چلانے کو کہا تھا۔ اسی ذریعے کے مطابق، یہ حادثہ پاکستانی فورسز کی جانب سے ایک کواڈ کاپٹر میں نصب بارودی مواد کے دھماکے کے باعث پیش آیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز کی جانب سے مقامی آبادیوں پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں بچے اور دیگر شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔



















































