بلوچستان کے ضلع سوراب گدر کے علاقے میں ٹوبو کراس کے مقام پر پاکستانی فورسز پر مسلح حملے میں متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ حملے کے بعد فورسز کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے بعد ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں جائے وقوعہ پر زمین پر پڑی رہیں۔ لاشیں منتقل کرنے کے لیے فورسز کی ایک ٹیم جب علاقے کی جانب روانہ ہوئی تو اسے رودینی کراس کے مقام پر ایک اور مسلح حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے حملے میں بھی فورسز کو مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
واقعے کے حوالے سے پاکستانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ حملوں کی ذمہ داری بھی تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔













































