بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ریلی کی کوریج پر صحافی کیخلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے۔ خضدار پریس کلب

70

سینئرصحافی ندیم گرگناڑی پر ایف آئی آر کے خلاف خضدار پریس کلب کا ہنگامی اجلاس و ایف آئی آر کی مذمت۔ ایف آئی آر صحافتی امور میں رکاوٹ کا حربہ قرار۔

تفصیلات کے مطابق 15 جنوری کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے ہونے والی ریلی کی خضدار پریس کلب کی ٹیم نے کوریج کی تھی جس کی پاداش میں خضدار پریس کلب کے سینئر صحافی، و سابق صدر خضدار پریس کلب ندیم گرگناڑی پر سٹی تھانہ خضدار میں ایف آئی آر درج ہوا۔

اس حوالے سے گزشتہ روز خضدار پریس کلب کی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایف آئی آر کی مذمت کی گئی اور اس ایف آئی آر کو صحافتی امور میں رکاوٹیں ڈالے جانے کا حربہ قرار دیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ مذکورہ ایف آئی آر کی ہر سطح پر مذمت کی جائے گی، نیز یہ کہ ملکی اور بین الاقوامی صحافتی تنظیموں سے رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ و ذمہ دارا افسران سے ملاقات کرنے کے علاوہ آئی جی پولیس بلوچستان، ڈی آئی جی خضدار رینج سمیت حکام بالا کو لیٹر لکھ کر واضح کیا جائے گا کہ ایف آئی آر واپس لی جائے بصورت دیگر ہم صحافتی امور سرانجام دینے کا سلسلہ معطل کرنے سمیت دیگر سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہونگے۔