بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پرکراچی میں احتجاج جاری

120

اسلام آباد میں نہتے لانگ مارچ کے شرکا پر تشدد کیخلاف کراچی میں احتجاج کاسلسلہ تیسرے روزبھی جاری رہا، شہرکے مختلف علاقوں میں ریلیاں اور جلوس نکالی گئیں اورمظاہرے کئےگئے۔

پریس کلب کے باہر مظاہرے میں پاکستان کےسابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے پوتے ذوالفقارعلی بھٹو جونئر نے بھی شرکت کی اور بلوچ حقوق کے لئے نعرے بلندلگائے.

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں بلوچ خواتین اوربچیوں پرتشدد اور گرفتاریوں کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر کراچی کے علاقے لیاری، فقیرکالونی، ملیر، جہانگیرروڈ، شرافی گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں ریلیاں اورجلوس نکالے گئے۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلام آباد میں ماہ رنگ بلوچ سمیت تشدد کاشکار دیگر خواتین اور بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے نعروں سمیت خواتین پرتشدد کی مذمت کے نعرے بھی درج تھے۔

مظاہروں کے باعث رنچھولائن، گارڈن، شارع فیصل، برنس روڈ، پریس کلب کے اطراف، کورنگی روڈ،ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثررہی،ادھرمختلف علاقوں سے قافلوں کی شکل میں مظاہرین پریس کلب پہنچے اور اسلام آباد واقعے کیخلاف مظاہرہ کیاگیا۔

مظاہرے میں پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹوسمیت مختلف سیاسی اورسماجی تنظیموں سےوابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد واقعے کے ذمہ دار حکمران ہیں، نہتی خواتین اور بچیوں پرتشدد ناقابل برداشت ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے سےخطاب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے اور جعلی مقابلوں میں قتل ہونے والوں کے لواحقین کوانصاف فراہم کیا جائے جہاں بھی ناانصافی ہوگی احتجاج کریں گے۔