بلوچستان کے کاشتکاروں کا بیلچہ مارچ

79

بجلی کے ستائے بلوچستان بھر کے زمینداروں نے کوئٹہ میں بیلچہ مارچ منعقد کیا-

بلوچستان میں بجلی کے ستائے کاشتکار بلوچستان بھر سے قافلے لیکر کوئٹہ پہنچ گئے، کوئٹہ شہر میں بیلچے اٹھاکر احتجاجی مارچ کیا، زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کے تحت منعقدہ مظاہرے میں صوبے کے مختلف علاقوں سے کاشتکار کوئٹہ پہنچے۔

بیلچہ اور سیاہ پرچم تھامے مظاہرین نے شہر کے مختلف علاقوں میں مارچ کیا، مارچ کے شرکاءمختلف راستوں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے باہر پہنچے اور وہاں بھی احتجاج ریکارڈ کروایا۔

مظاہرین سے زمیندارایکشن کمیٹی کے چیئرمین میرنصیرشاہوانی، سیکرٹری جنرل عبدالرحمان بازئی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام روزی کمانے کیلئے زراعت پر انحصار کرتے ہیں اور زراعت کیلئے بجلی بھی چاہیے کیونکہ ماضی کی نسبت اب زیر زمین پانی کی سطح بہت زیادہ گر گئی ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ حکومت اور کیسکو سے کاشتکاروں کا معاہدہ ہوا تھا کہ کیسکو زرعی فیڈرزکو 24 گھنٹے میں 8 گھنٹے بجلی فراہم کرے گی لیکن معاملہ اس کے برعکس ہے زرعی فیڈرز کو انتہائی کم وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کی جارہی ہے اور جو بجلی دی جارہی ہے وہ تین گھنٹے بھی میسر نہیں۔

مقررین کا کہنا تھا بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کاشتکاروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے اگرزرعی فیڈرز کو معاہدے کے تحت 8 گھنٹے بجلی فراہم نہ ہوئی تو پھر کاشتکار اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔