سکرنڈ میں پاکستانی فورسز ہاتھوں 4 افراد کا قتل: ایچ آرسی کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری

150

پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے سکرنڈمیں میں گزشتہ ماہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں ماڑی جلبانی گاؤں کے چار مقامی لوگوں کے قتل کی تحقیقات کرنے والے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے فیکٹ فائنڈنگ مشن نے بدانتظامی، غلط فہمی اور کوتاہیوں کا انکشاف کیا ہے جس کی وجہ سے معصوم لوگوں کی جانیں گئیں۔

ایچ آر سی پی نے رپورٹ کیا کہ 28 ستمبر کی سہ پہر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے 24 سالہ طالب علم لیاقت جلبانی کو قانون نافذ کرنے والوں کی تحویل میں گاؤں لایا گیا۔

لیاقت جلبانی اس سے قبل کہاں تھا، اس حوالے سے کچھ معلوم نہیں تھا، مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس کی شناخت چھپانے کے لیے اس کا چہرہ کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔

بعد میں پولیس نے ایچ آر سی پی کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اسے صرف اس لیے اٹھایا تھا تاکہ اسے گاؤں تک جانے میں مدد کے لیے بطور ’معاون‘ استعمال کیا جاسکے۔

ایک مقامی عینی شاہد مٹھل جلبانی نے بتایا کہ کچھ سادہ لباس اور کچھ پولیس و رینجرز کی وردیوں میں ملبوس تقریباً 60 سے 70 قانون نافذ کرنے والے اہلکار ایک عمارت میں داخل ہوئے جہاں دیہاتیوں نے عارضی گھر بنا رکھے تھے۔

انہوں نے مقامی لوگوں کو بتایا کہ وہ بجلی چوری میں ملوث لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں، بغیر کسی وارننگ کے انہوں نے ایک شخص اللہ داد جلبانی کے گھر کی تلاشی لی، تلاشی کے دوران اللہ داد کے پڑوسی 35 سالہ سجاول جلبانی نے اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی کی۔

زبانی تکرار کے بعد سجاول جلبانی نے سیکیورٹی اہلکاروں کو للکارا، جواب میں متعدد گولیاں چلائی گئیں، تبادلے کے دوران 30 سالہ نظام دین سجاول جلبانی کو بچانے کے لیے آیا لیکن وہ بھی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، اس کے بعد ہونے والی افراتفری کے دوران سیکیورٹی اہلکار شدید فائرنگ کی آڑ میں پیچھے ہٹ گئے، چھ دیگر دیہاتی بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔

بعد ازاں گاؤں کے دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 30 سالہ سارنگ، 55 سالہ اللہ داد جلبانی، 32 سالہ امام دین اور علی نواز کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا، سارنگ اور علی نواز کو طبی امداد دیے جانے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔

ایچ آر سی پی نے کہا کہ اگرچہ آپریشن کیے جانے کے لیے خطرے کی اصل نوعیت تاحال واضح نہیں ہے، ریاست اور قانون نافذ کرنے والے حکام کو چار شہریوں کی ہلاکت اور دیگر کے زخمی ہونے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

ایچ آر سی پی ٹیم نے یہ بھی سفارش کی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی کے ذریعے واقعے کی منصفانہ، جامع اور مکمل شفافیت کے ساتھ تحقیقات کرائی جائیں۔

اس کے علاوہ لیاقت جلبانی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے میں ملوث افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جانی چاہیے، اس نے سفارش کی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور لیاقت جلبانی کی مدد کرے اور انہیں معاوضہ فراہم کرے۔