ایشیاء کپ فائنل: بھارت آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا

139

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم سری لنکا کو تر نوالہ بنا کر آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بن گئی۔ بھارت نے 51 رنز کا ہدف ساتویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔

کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی بولرز نے لنکا ڈھادی، فاسٹ بولر محمد سراج قہر بن گئے، پوری سری لنکن ٹیم 16ویں اوور میں 50 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکن بیٹر بھارتی فاسٹ بولرز کے آگے ڈھیر ہوگئے۔

جسپریت بمراہ نے سری لنکا کو پہلا نقصان پہنچایا جہاں اس نے کوشل پریرا کو ایک کے مجموعے پر پویلین کی راہ دکھائی۔

اسکے بعد محمد سراج طوفان کی طرح آئے اور سری لنکن بیٹنگ لائن کا ہرا بھرا کھیت اجاڑ گئے۔

بھارت کے محمد سراج نے 21 رنز سے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہاردیک پانڈیا نے 3 رنز دے کر تین جبکہ جسپریت بمراہ نے 23 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

بھارتی بیٹرز نے ساتویں اوورز کی پہلی گیند پر بغیر کوئی وکٹ گنوائے 51 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

بھارت کے اوپنرز شبمن گل 28 اور ایشان کشن 23 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔