فورسز کی زیادتیوں سے نجات دلائی جائے۔ آبسر کے رہائشیوں کی اپیل

1813

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے آبسر کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر کے نام خط لکھتے ہوئے پاکستانی فورسز کی جانب سے علاقے میں لوگوں کو زد و کوب اور ہراساں کرنے پر احتجاج کیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ صبح پانچ بجے پاکستانی فورسز ایف سی کی بہت بڑی نفری بلوچی بازار آبسر میں داخل ہوئے اور گھروں سے 12 سال کی بچے سے لے کر بزرگ کماش اور ضعیف العمر افراد کو اٹھا کر لے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بزرگ شہریوں اور کمسن بچوں کو 11 بجے تک شدید گرمی اور دھوپ میں سزا دی گئی اور ذہنی اذیت سے دوچار کیا گیا۔

لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے کے 200 سے 300 کے قریب رہائشیوں کو اذیت دی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت ہمیں تنگ کرکے زندگی کو مشکل بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہورہا ہے ، جب بھی کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو علاقے کا گھیراؤ کرکے چادر و چار دیواری کی تقدس کو پائمال کرتے ہوئے فورسز شہریوں کو اٹھاتے ہیں ۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ اس سلسلے کو روکا جائے۔