بنگلہ دیش: وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ، پرتشدد احتجاج میں 20 زخمی

114

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہفتے کو وزیر اعظم کے استعفے کے لیے تازہ ترین احتجاج میں پولیس نے پرتشدد ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

حزب اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے گذشتہ سال سے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفے اور نگران حکومت کو آئندہ جنوری میں انتخابات کی نگرانی کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سلسلہ وار مظاہرے کیے ہیں۔

آج شہر میں کئی مقامات پر جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے ہزاروں مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، جو صبح سے ہی اہم شاہراہوں پر ٹریفک روکنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان فاروق حسین نے بتایا کہ پولیس نے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں کم از کم چار احتجاجی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس میں 20 پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور 90 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔

اے ایف پی کے صحافیوں نے دھولائی کھل میں ایک احتجاجی مقام پر دیکھا کہ مظاہرین نے پولیس اور ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔

ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال کے ایک پولیس انسپکٹر بچو میا نے بتایا کہ چھ مظاہرین کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حسین نے کہا کہ بی این پی کے سینیئر رہنماؤں گویشور رائے اور امان اللہ امان کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن انہیں باضابطہ طور پر گرفتار نہیں کیا گیا۔

احتجاج سے دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان نقل و حمل کا رابطہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور ٹرک اور بسیں گرڈ لاک میں پھنس گئیں۔