چمن قیدیوں نے جیل توڑ دی، متعدد قیدی فرار

330

بلوچستان کے شہر چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، متعدد قیدی فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، سنگین جرائم میں ملوث متعدد قیدی فرار ہو گئے ہیں، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔


ذرائع کے مطابق فجر کی نماز کے وقت قیدیوں نے اچانک حملہ کر دیا اس وقت صرف 2 اہلکار جیل کی سیکیورٹی پر مامور تھے، قیدیوں نے فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہو گئے۔

زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا جب کہ قیدیوں کو طبی امداد کے لیے چمن ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران متعدد قیدی جیل سے فرار ہو گئے ہیں جنھیں پکڑنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔