شہید نزیر مری کی یاد میں ریفرنس منعقد کیا جائے گا – این ڈی پی

268

نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی شال زون نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ماسٹر نزیر مری کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 19 جون کو شال میں ریفرنس منعقد کیا جائےگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ نواب مری کے قریبی ساتھی اور گھریلو نائب کے طور پر جانے جاتے تھے اور پیشے کے لحاظ سے استاد تھے جہنوں نے 30 سال طلبا کی رہنمائی کی اور اسی راہ میں قربان ہوئے۔ وہ آخری وقت تک گورنمنٹ ہائی اسکول کلی شیخان کے سیکنڈ ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

اعلامیہ میں مزید کہا کہ بلوچ معاشرے میں استاد کو بلند و بالا مقام حاصل ہے جن کی محنت اور کاوشوں سے بلوچ طلبا تعلیم کے زیور سے آراستہ ہیں مگر جس طرح بلوچستان کو کالونی طرز پر چلایا جا رہا ہے، بلوچستان کی معدنیات کو لوٹا جا رہا ہے، بلوچ زبان و ثقافت کو مسخ کیا جا رہا ہے بلکل اسی طرح بلوچ طلبا، سیاسی کارکنان، ادیب، شاعر اور اساتذہ کرام کا بے دردی سے قتل کیا گیا۔

“انہی اساتذہ میں شہید نزیر مری کا شمار ہوتا ہے جنہوں نے 30سال طلبا کی رہنمائی کی، انہیں کئی بار حبس بے جا میں رکھا گیا۔ 19 جون 2013 کو ماسٹر نزیر مری جب ڈیوٹی کے لئے اسکول کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں ہی نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے شہید کر دیا جن کی جسد خاکی کو شیخان کے قبرستان میں آسودہ خاک کیا گیا۔”

اعلامیے میں کہا گیا کہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی شال زون انکے مستقل مزاجی، قوم پرستانہ سوچ اور تعلیم دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکتھے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔