عمان نے اسرائیل کے لئے اپنی فضائی حدود کھول دی

309

عمان نے امریکہ کی ثالثی میں اپنی فضائی حدود کو اسرائیل کی فضائی کمپنیوں کے لئے کھول دیا ہے۔ اسرائیل وزارت خارجہ

اسرائیل نے کہا ہے کہ عمان نے امریکہ کی ثالثی میں اپنی فضائی حدود کو اسرائیل کی فضائی کمپنیوں کے لئے کھول دیا ہے۔

اسرائیل وزارت خارجہ کے ترجمان دفتر کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ اس پیش رفت سے ایشیاء کے لئے سفر مختصر ہو جائے گا، اسرائیلی شہریوں کے لئے سفر کے مصارف کم ہو جائیں گے اور اسرائیل کی فضائی کمپنیوں کی رقابت کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا”۔

کوہن نے عمان کے اسرائیلی فضائی کمپنیوں کے لئے اپنی فضائی حدود کھولنے کی وجہ سے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق بن تیمور السعید کا اور سمجھوتہ طے پانے میں کردار ادا کرنے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایک طویل مذاکراتی مرحلے کے بعد اسرائیل اور عمان کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے بعد عمان کے بھی اپنی فضائی حدود کو اسرائیلی فضائی کمپنیوں کے لئے کھولنے سے اسرائیل سے ایشیاء کے سفر میں 2 گھنٹے کی بچت ہو گی اور ٹکٹ کی مالیت میں بھی کمی ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ اسرائیل ذرائع ابلاغ کی ماہِ اگست کی خبروں میں کہا گیا تھا کہ عمان نے ایران کے دباو کی وجہ سے اسرائیل کے لئے اپنی فضائی حدود کھولنے سے انکار کر دیا ہے۔