ڈھاڈر: امن امان کی ابتر صورتحال کے خلاف شہر میں ہڑتال

270
بھاگ ناڑی شہر میں شٹرڈاون ہڑتال

ڈھاڈر کچھی میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی وارداتوں کے خلاف متحدہ ملازمین کچھی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کچھی اور پولیس کے خلاف احتجاجی ریلی ڈی ای او کچھی آفس کے سامنے سے نکالی گئی اس موقع پر تاجر برادری کی جانب سے علامتی شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی گئی-

ریلی میں سرکاری ملازمین تاجر برادری، ہندو پنچائیت، سول سوسائٹی دیگر تنظیموں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شریک تھے ریلی کی قیادت ایپکا کچھی کے صدر حاجی یار محمد مستوئی کررہے تھے مظاہرین ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیا-

اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلع کچھی بلخصوص ڈھاڈر میں پچھلے تین ماہ سے بدامنی کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ اچانک تین ہفتے سے ڈھاڈر بالاناڑی سمیت کچھی میں بڑھتی ہوئی بدامنی، راہزنی، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہونے سے پر امن نہتے شہری پریشان و خوف زدہ ہیں ایک ہفتہ قبل مشکاف کے رہائشی عبدالسلام بنگلزئی کو چوروں نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا جبکہ دیگر روزانہ کی بنیاد پر چوری ڈکیتی کی وارداتوں سرے عام ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کچھی اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے-

مظاہرین کا کہنا تھا قاتل ڈاکوؤں گرفتار نہیں ہوسکے پولیس اور لیویز ایریاز میں قیام امن داؤ پر لگ چکا ہے نہتے شہریوں کو بلا خوف خطر چور ڈاکو واردات کرکے بآسانی فرار ہوتے ہیں شام ہوتے ہی چوروں ڈاکوؤں کا گروہ علاقے میں وارادت کیلئے سرگرم ہوتے ہیں جبکہ پولیس انتظامیہ خواب خرگوش میں گم ہیں شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں عوام کس کو اپنا دہائی سنائیں کوئی شنوائی نہیں ہورہی-

انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ کچھی امن امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہیں پولیس کی مخصوص ایریاز میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں یکایک اضافہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ منظم سازش کے تحت ایک بار پھر کچھی ڈھاڈر کے حالات کو خراب کیا جارہاہے جبکہ مختلف واقعات میں لیویز کے جوانوں کو بھی ڈاکوؤں نے شہید کردیا ہے لیویز پولیس اپنے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہیں یہ عوام کو کہاں تحفظ دے سکیں گے-

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈھاڈر بالاناڑی کچھی میں عوام کو ڈاکوؤں چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں عوام کی عزت نفس داؤ پر لگ چکا ہے شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں اسٹریٹ کرائم موبائل چھیننا،موٹر سائیکل چھیننا عام ہوچکا ہے عوام کا صبر جواب دے چکا ضلعی انتظامیہ کچھی پولیس انتظامیہ امن امان برقرار رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں-

مقررین نے ڈی سی کچھی، ایس ایس پی کچھی سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف عملی کاروائی کرتے ہوئے ملوث چوروں ڈاکوؤں کے گروہ کے خلاف کاروائی کرکے سخت ایکشن لیکر ڈاکوؤں کے سرغنہ اور کارندوں کو گرفتار کرکے عوام کو تحفظ دیا جائے بصورت دیگر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی جسکی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کچھی اور پولیس پر عائد ہوگی-