فیفا ورلڈ کپ: پولینڈ، آسٹریلیا، فرانس اور ارجنٹینا کامیاب

205

پہلے راؤنڈ کے میچز میں سعودی عرب، تیونس، ڈینمارک اور میکسیکو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا-

قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 22 ویں میچ میں پولینڈ نے سعودی عرب کو 0 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔

پولینڈ کی جانب سے پیوتر زیلِنسکی نے 39 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جس کو روبرٹ لیوینڈوسکی نے 82 ویں منٹ میں دُگنا کردیا گروپ سی کے پوائنٹس ٹیبل پر پولینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ سعودی عرب 3 پوائنٹس کےساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

فیفا ورلڈکپ گروپ ڈی کے میچ میں آسٹریلیا نے تیونس کو شکست فاش کردیا الجنوب اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم آسٹریلیا نے پہلے ہاف کے 23 ویں منٹ میں گول اسکور کر کے سبقت حاصل کرلی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسری جانب راس ابو عبود گراؤنڈ میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 23 ویں میچ میں فرانس نے ڈنمارک کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی فرانس کی جانب سے مباپے نے 61 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جس کو ڈنمارک کے اینڈریاس کرسٹنسن نے 68 ویں منٹ میں برابر کر دیا۔

کھیل کے 86 ویں منٹ میں مباپے نے دوسرا گول اسکور کر کے فرانس کو ایک اور مرتبہ برتری دلائی جو وقت ختم ہونے تک برقرار رہی۔

قطر میں گذشتہ روز چوتھا اور آخری میچ ارجنٹینا اور میکسیکو کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جہاں میسی اور اینزو فرنینڈز نے میکسیکو کے خلاف گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔

میچ کے آخر تک میکسیکو کو کوئی کامیابی نہیں مل سکی، مقرر وقت تک ارجنٹینا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرکے گروپ میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی۔

واضح رہے کہ ارجنٹینا کو اپنے پہلے گروپ میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔