کوئٹہ: لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے – نصراللہ بلوچ کا صوبائی مشیر داخلہ اور سابق وزیر اعلیٰ سے ملاقات

194

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کیخلاف سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے پیر کے روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں صوبائی مشیر داخلہ ضیاء لانگو اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں –

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر مشیر ضیاء لانگو سے ملاقات میں لاپتہ افراد کے مسئلے پر بات چیت ہوئی مشیر داخلہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کی روک تھام میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی-

ضیاء لانگو نے کہا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت ملکی اداروں کے سربراہوں سے بات کرونگا-

نصراللہ بلوچ نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگی کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں گے اور غمزدہ خاندانوں کو زندگی بھر کی اذیت سے نجات دلائے گے۔

دریں اثناء نصر اللہ بلوچ نے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور رکن بلوچستان اسمبلی اسلم رئیسانی سے ملاقات کی –

ملاقات میں بلوچستان ‏ہائی کورٹ کے 17 نومبر 2021 آرڈر پر تبادلہ خیال ہوا- پاس کیے گئے آرڈر کے مطابق صوبائی حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی اور انکے اہلخانہ کو درپیش مشکلات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بنائے-

اس سلسلے میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کی اسلم رئیسانی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کمیٹی کا مسئلہ صوبائی اسمبلی کے آنے والے اجلاس میں اٹھائے گا-

واضع رہے ہائی کورٹ کے جاری کردہ آرڈر کو دو ماہ پورے ہونے کو ہے لیکن اب تک صوبائی حکومت نے لاپتہ افراد کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی نہیں بنائی ہے-