بی ایس او مستونگ زون کا جنرل باڈی اجلاس منعقد

201

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مستونگ زون کا جنرل باڈی اجلاس زیرصدارت سابق زونل آرگنائزر منعقد ہوا۔جس کے مہمان خاص چئیرمین بی ایس او جہانگیر منظور بلوچ تھے جب کہ تنظیم کے مرکزی سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ اورمرکزی کمیٹی کے رکن سنگت شیرزمان نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

اجلاس میں زونل کارکردگی رپورٹ،تنظیمی امور، بلوچستان سمیت خطے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور تعلیمی مسائل سمیت مختلف ایجنڈے زیر بحث لائے گئے۔

جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین بی ایس او جہانگیرمنظور،سیکریٹری جنرل ماما عظیم بلوچ کا کہنا تھا کہ تنظیم کے اراکین پر قومی و شعوری سوچ کو پروان چڑھانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اس لئے ہمیں اپنے سیاسی فریضوں کا ادراک کرکے اجتماعی مقصد کیلئے طویل اور منظم سیاسی جدوجہد کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ بلوچستان طلباء سیاست کیلئے ہمیشہ سے انتہائی مشکل قرار پایا ہے لیکن اس کے باجود یہاں کے باشعور طلباء نے کھٹن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے جیل و زندان کی صعوبتیں برداشت کی ہیں لیکن جمہوری و سیاسی حقوق کی جدوجہد سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوئے۔ سیاسی میدان میں داؤپیچ اور مشکلات ایک سیاسی کارکن کومزید پختہ اور منظم کرتے ہیں ۔

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو اپنے قومی حقوق اور سیاسی جدوجہد سے توجہ ہٹانے کیلئے منشیات کو عام کیا جارہا ہے۔آج مستونگ سمیت پورے بلوچستان میں گلی کوچوں کے اندر باآسانی منشیات کے اڈے دستیاب ہیں۔منشیات کی تدارک کیلئے قائم ملکی ادارے اس کو کنٹرول کرنے کے بجائے براہِ راست منشیات فروش اور سماج دشمن عناصر کی پشت پناہی کررہے ہیں۔ منشیات کو عام کرنے کا مقصد بلوچوں کو سازش کے تحت اپنے حقوق سے بیگانہ کرنا ہے۔ بی ایس او مستونگ سمیت بلوچستان بھر میں منشیات کے خلاف بھرپور تحریک چلائے گی۔

آخر میں بی ایس او مستونگ زون کی کابینہ کا چناؤ عمل میں لائی گئی۔جس کے تحت مظفربلوچ صدر،اورنگزیب بلوچ نائب صدر،محسن بلوچ جونئیرنائب صدر، باقربلوچ جنرل سیکریٹری،جمیل بلوچ جوائنٹ سیکریٹری،فہیم بلوچ جونئیرجوائنٹ سیکریٹری اورریاض بلوچ انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوئے۔