دو نئے ویب سائٹوں کا اجراء کیا جائیگا۔ دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک اعلامیہ

401

11 اگست 2017 کو اس عزم کے ساتھ دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک کی داغ بیل ڈالی گئی کہ دیانت دارانہ اور غیرجانبدارانہ صحافتی اصولوں کو اپنا شعار بناکر، پیشہ ورانہ مہارت کو پروان چڑھاتے ہوئے، بلوچستان میں میڈیا کے خلاء کو پر کرنے کی جتن کی جائیگی۔

گذشتہ ڈھائی سالوں سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک کی ٹیم زرد صحافت کے پلیگ سے پہلو تہی کرتے ہوئے، کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر، اپنی صحافتی ذمہ داریاں غیرجانبدارانہ انداز میں سرانجام دیتی رہی ہے۔

مصدقہ خبروں، غیرروایتی طریقہ صحافت، تحقیقی جرنلزم، اور اپنی شبینہ روز کاوشوں کے نتیجے میں دی بلوچستان پوسٹ اپنے قارئین کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوا، جس کی وجہ سے ادارے سے مزید بہتری کی امیدیں بھی وابستہ ہوگئیں۔ ادارے کی بنیاد اس عزم کے ساتھ ڈالی گئی تھی کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں وسعت اور جدت لائی جائے گی۔ ایک سال پورے ہونے پر دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک نے عالمی تقاضوں اور بلوچستان میں ایک انگریزی میڈیا کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے، اپنی پہلی سالگرہ کے موقع پر 11 اگست 2018 کو جدا انگریزی ویب سائٹ کا آغاز کردیا۔

اپنے قیام سے لیکر ہی دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک اس امر سے بخوبی آگاہ ہے کہ بلوچوں کی مادری زبانوں براہوئی اور بلوچی میں صحافت ایک اہم ضرورت ہے۔ خاص طور پر براہوئی زبان میں اس وقت کوئی بھی باقاعدہ صحافتی ادارہ قائم نہیں۔ اسی لیئے ادارے کے قیام کے وقت ہی طویل المدتی مقاصد میں یہ وضع کیا گیا تھا کہ ادارے کو وسعت دیکر براہوئی اور بلوچی کی جدا ڈیسک اور ویب سائٹ قائم کیئے جائیں گے۔ انگریزی ویب سائٹ کے اجراء کے بعد ادارہ مسلسل اسی ضمن میں کوششوں میں مصروف تھا۔

آج بروز 3 مئی صحافتی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک یہ اعلان کرتی ہے کہ ادارہ 9 مئی کو باقاعدہ اپنے بلوچی اور براہوئی کے جدا ویب سائٹوں کا اجراء کریگا۔ اس ضمن میں پیشہ ورانہ صحافیوں کی جداگانہ ڈیسک اور جدا جدا ویب سائٹ قائم کیئے جاچکے ہیں۔

دونوں ویب سائٹ دی بلوچستان پوسٹ کے غیرجانبدارانہ و غیرروایتی ایڈیٹوریل پالیسی کے تحت نا صرف براہوئی اور بلوچی زبان میں خبروں، تجزیوں، تبصروں، تحقیقاتی رپورٹوں کا اجراء کریں گے بلکہ انکے مقاصد میں براہوئی اور بلوچی زبان و ادب کی ترقی و ترویج بھی شامل ہے۔

ہمارے قارئین مورخہ 9 مئی سے بلوچی ویب سائیٹ تک رسائی مندرجہ ذیل پتے
www.tbpbalochi.com
اور براہوئی ویب سائیٹ تک رسائی درج ذیل پتے کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔
www.tbpbrahui.com

یاد رہے اس وقت دی بلوچستان کے دو ویب سائیٹ آپریشنل ہیں۔ آپ اردو ویب سائیٹ تک رسائی درج ذیل پتے
www.thebalochistanpost.com
جبکہ انگریزی ویب سائٹ تک دیئے گئے پتے کے ذریعے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
www.thebalochistanpost.net

ہم اپنے تمام قارئین سے توقع رکھتے ہیں کہ سچ کے اس سفر میں، آپ ہمیشہ کی طرح دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹ ورک کا اسی طرح ساتھ دیتے رہیں گے اور ادارے کی مزید تقویت اور وسعت میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

شکریہ
دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک